سولیا 17/ستمبر (ایس او نیوز) بنگلورو کی ایک کمپنی کے ملازمین کی ٹیم سبرامنیا میں واقع پہاڑی ’کمارا پروتا‘ کو سر کرنے کی مہم پر نکلی تھی۔ لیکن واپسی کے وقت ٹیم کا ایک رکن جنگلات میں اچانک لاپتہ ہوگیا ہے، جس کی شناخت سنتوش (25سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
’کمارا پروتا‘پہاڑی سبرامنیا کے قریب ’پشپا گری‘ وائلڈ لائف سینکچوری کا حصہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پہاڑی مہم جوئی (ٹریکنگ /ہائکنگ) کی ٹیم جمعہ کے دن بنگلورو سے سبرامنیا پہنچی تھی۔ اور انہوں نے’کمارا پروتا‘ کے لئے دیوراگدّے سے اپنی مہم کا آغاز کیا۔ سنیچر کے دن انہوں نے پہاڑی کو سر کرنا شروع کیا اور اتوار کے دن انہوں نے’شیشا پروتا‘ پہنچ کر اس مہم کو مکمل کیا۔پھر ان لوگوں نے گیری گدّے بھٹ کے مکان پر کھانا کھانے کے بعدرات کے وقت اپنے گھر واپس لوٹنے کا سفر شروع کیا۔
ٹیم کے اراکین کاکہنا ہے کہ واپسی کے سفر میں پہلے پانچ اراکین چل رہے تھے۔ کچھ فاصلے سے پر سنتوش تنہا سفر کررہاتھا۔ مزید کچھ فاصلے پر اس کے پیچھے ٹیم کے دیگر6اراکین چل رہے تھے۔ لیکن صرف دس منٹ کے وقفے میں سنتوش نظروں سے غائب ہوگیا۔ پیچھے چل رہے اراکین کا کہنا ہے کہ سنتوش نیچے جھک کر اپنے جوتے کے فیتے درست کررہاتھا۔ پھر وہ منظر سے اوجھل ہوگیا۔ اس کے ہاتھ میں ٹارچ لائٹ بھی نہیں تھی۔
سنتوش کے لاپتہ ہونے کی خبررات میں ہی وائلڈ لائف کے افسران کو دی گئی، اور فوری طور پر اسے تلاش کرنے کی مہم شروع کی گئی۔ ٹیم کے اراکین نے سبرامنیا پہنچ کر سنتوش کی گم شدگی کے تعلق سے شکایت درج کروائی۔اس کے بعد منگل کے دن مقامی نوجوانوں کے تعاون سے سبرامنیا اور کمارا پروتا کے جنگلات میں مزید تلاشی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔مہم جو ٹیم کا گمان ہے کہ سنتوش شاید گھنے جنگل میں راستہ بھٹک گیا ہوگا۔
خیال رہے کہ دو سال قبل بھی اس علاقے میں بجلی گرنے کی وجہ سے مہم جو ٹیم کا ایک رکن ہلاک ہوگیا تھا۔جانکاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ پورا علاقہ گھنے جنگلات سے گھرا ہوا ہے اس لئے کمارا پروتا پر مہم جوئی کے لئے یہ صحیح موسم نہیں ہے۔